آوارہ کتوں کی تلفی،کھلے مین ہولز کی نشاندہی کیلئے ٹیم تشکیل
آوارہ کتوں کی تلفی،کھلے مین ہولز کی نشاندہی کیلئے ٹیم تشکیل ہنگامی یا خطرناک صورتحال کی ٹیم کنٹرول روم کو اطلاع دیگی، عشنہ طاہر
بھیرہ(نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ عشنہ طاہر نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تحصیل بھر میں صفائی آپریشن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے ، جس کا مقصد عوام کو صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی صفائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ نے بتایا کہ آوارہ کتوں کی تلفی اور کھلے مین ہولز کی نشاندہی کے لیے خصوصی انسپکشن ٹیم قائم کر دی گئی ہے ، جو تحصیل کے مختلف علاقوں میں مسلسل گشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم کسی بھی ہنگامی یا خطرناک صورتحال کی فوری طور پر کنٹرول روم کو اطلاع دے گی، جس پر متعلقہ ٹیمیں بلا تاخیر حرکت میں آ کر مسئلہ حل کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی آپریشن کے دوران نالوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، اور عوامی مقامات کی صفائی کو خصوصی طور پر یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔