محمود اچکزئی کے اپوزیشن لیڈر بننے سے تناؤ کم ہوگا:خلیل طاہر
محمود اچکزئی کے اپوزیشن لیڈر بننے سے تناؤ کم ہوگا:خلیل طاہر بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے چاہیں گے وہ دوبارہ آئیں مگر ممکن نہیں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مسلم لیگ ن مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ محمود اچکزئی کے اپوزیشن لیڈر بننے سے سیاسی تناؤ کم ہوگا اور جلاؤ گھیراؤ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور جیل میں بیٹھے شخص کی پالیسی پر عمل نہیں کریں گے ، جبکہ پی ٹی آئی کے اراکین پہلے سے طے شدہ پالیسی کے مطابق کام کر رہے ہیں۔سردار خلیل طاہر سندھو نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے چاہیں گے کہ پاکستان کو گالیاں نکالنے والے دوبارہ اقتدار میں آئیں، مگر ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ انہی مقاصد کے حصول کی کوشش تھی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں بھارت نے حملہ کیا، لیکن راتوں رات بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو ہاتھ جوڑ کر واپس بھیج دیا گیا۔ پارلیمنٹ کو بتایا گیا ہم بھارت سے جنگ کا رسک نہیں لے سکتے ، تاہم مئی 2025 میں بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان نے فتح کی تاریخ رقم کی جس پر دنیا حیرت زدہ رہ گئی۔