دفاتر میں ویمن ہراسمنٹ ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانیکی ہدایت
دفاتر میں ویمن ہراسمنٹ ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانیکی ہدایتہر ادارے میں قائم انکوائری کمیٹی میں کم از کم ایک خاتون ممبر کی شمولیت لازمی قرار
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر پٹیشن سیل نے موصولہ شکایات کے تناظر میں سرگودھا سمیت ریجن بھر کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ خواتین کو کام یا ملازمت کے دوران ویمن ہراسمنٹ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔حکومتی ہدایات کی روشنی میں واضح کیا گیا ہے کہ اس قانون کے تحت صوبہ پنجاب میں قائم تمام سرکاری، نیم سرکاری، رجسٹرڈ نجی ادارے ، ہسپتال، کالجز، یونیورسٹیاں اور فیکٹریاں خواتین کو محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنے کی پابند ہیں۔ہدایت نامے کے مطابق ہر ادارے میں قائم انکوائری کمیٹی میں کم از کم ایک خاتون ممبر کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے ۔
یہ بھی واضح کیا گیا کہ خواتین کو کام کی جگہ پر ہراساں کرنا، بلیک میل کرنا، غیر اخلاقی رویہ اختیار کرنا، ذاتی تعلقات پر مجبور کرنا یا دفتری مراعات کو ذاتی وابستگی سے مشروط کرنا قانون کے دائرہ اختیار میں آتا ہے اور اس پر کارروائی کی جائے گی۔مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین کی شکایات ضلعی سطح پر قائم خصوصی کمیٹیوں کی نگرانی میں ترجیحی بنیادوں پر جلد نمٹائی جائیں تاکہ انہیں فوری انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔