پولیس کے مبینہ تعصبانہ رویے کیخلاف عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ
پولیس کے مبینہ تعصبانہ رویے کیخلاف عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ وکلاء کے اہل خانہ کی گرفتاریوں اور انہیں حراساں کیا جا رہا ہے ، صدر ڈسٹرکٹ بار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا کی کال پر وکلاء نے پولیس کے مبینہ تعصبانہ رویے کے خلاف عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کر رکھا ہے ۔ احتجاج کا بنیادی سبب کچہری احاطے میں ہونے والی چوریاں اور وکلاء کے قریبی عزیزوں کے خلاف درج ہونے والے مقدمات بنے ہیں۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ملک رمیض سلطان فاروقہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کچہری میں وکلاء کی گاڑیوں اور سامان کی چوری کے حوالے سے متعدد ایف آئی آرز تو درج ہوئیں لیکن پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے ، اسی طرح وکلاء کے اہل خانہ کی گرفتاریوں اور انہیں حراساں کیا جا رہا ہے ، جب تک بے گناہ افراد کو رہا نہیں کیا جاتا اور پولیس اپنا رویہ درست نہیں کرتی، وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے ۔ اور اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو کل ڈی پی او آفس تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا اور دھرنا دیا جائے گا دوسری جانب ہڑتال کے باعث دور دراز سے آئے سینکڑوں سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ہزاروں کیسز کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی ہے ۔