میگا سیوریج منصوبے کا فیز ون 30 مئی تک مکمل کرنیکی ڈیڈ لائن

میگا سیوریج منصوبے کا فیز ون 30 مئی تک مکمل کرنیکی ڈیڈ لائن

میگا سیوریج منصوبے کا فیز ون 30 مئی تک مکمل کرنیکی ڈیڈ لائن تمام منصوبہ جات کی تکمیل یقینی بنا کر شہریوں کو زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے ، کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا نے جاری میگا سیوریج منصوبے کا فیز ون 30 مئی تک ہر صورت مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی تفصیل کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے واسا کے زیرِ اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی گرانٹ سے جاری 14 ارب روپے کے میگا سیوریج پراجیکٹ کے فیز ون کو 30 مئی تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مون سون سے قبل تمام منصوبہ جات کی تکمیل یقینی بنا کر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران مشکلات میں کمی لائی جا سکے ۔

یہ ہدایات انہوں نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبے کے اچانک معائینہ کے دوران دیں۔ کمشنر نے سلانوالی روڈ ڈسپوزل اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا رانا ابوبکر نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے چھوٹے ڈسپوزل اسٹیشنز کو ختم کر کے مرکزی نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ بارشوں کے موسم میں نکاسی آب کا نظام مؤثر انداز میں کام کر سکے ۔ کمشنر نے کمپنی باغ میں زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کی فاطمہ جناح روڈ پر بنائی جانے والی ڈرین کا بھی معائینہ کیا۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ ٹینک کی تعمیر تقریباً مکمل ہو چکی ہے جبکہ اس سے ملحقہ ڈرینج سسٹم پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

فاطمہ جناح روڈ، سول ہسپتال چوک، کچہری بازار اور لیاقت مارکیٹ روڈ سمیت مختلف بازاروں میں ڈرینز کی تعمیر کی جا رہی ہے تاکہ بارشی پانی کو محفوظ کر کے ضرورت کے وقت استعمال میں لایا جا سکے ۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سے قبل نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال بنانا اولین ترجیح ہے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں