گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج خواتین میں سہولیات کا فقدان
محسن نواز رانجھا کا کلاس رومز کی کمی، صاف پانی کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار
بھاگٹانوالہ(نمائندہ دنیا)گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین بھاگٹانوالہ کے دورے کے دوران سابق وفاقی وزیر سینئر سیاسی رہنما بیرسٹر محسن نواز رانجھا نے کالج میں موجود بنیادی سہولیات کی کمی اور فوری انفراسٹرکچر کی ضروریات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالج انتظامیہ اور طلبہ سے ملاقات کی اور درپیش مسائل کو تفصیل سے سنا۔بیرسٹر محسن نواز رانجھا نے کالج میں کلاس رومز کی کمی، لیبارٹریز کی ناقص حالت، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی موجودگی ناگزیر ہے ۔کالج کی بہتری اور ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کیا جائے گا اور جلد عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے ۔کالج انتظامیہ اور طلبہ نے بیرسٹر محسن نواز رانجھا کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں سے مسائل جلد حل ہوں گے ۔