شہر گلی محلوں میں بجلی کے لٹکتے تار شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی

شہر گلی محلوں میں بجلی کے لٹکتے تار شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی

محلہ بوڑھی والا سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی تاریں جگہ جگہ جھول رہی ہیں

بھیرہ(نامہ نگار)اندرون شہر گلی محلوں میں بجلی کے لٹکتے تار اور ننگے جوڑ شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بن گئے ۔ محلہ بوڑھی والا سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی تاریں جگہ جگہ جھول رہی ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں محمد ارشد، محمد اقبال، فضل الرحمن، امتیاز احمد اور بابر علی نے کہا ہے کہ بارشوں اور مون سون سیزن کی آمد کے پیش نظر یہ صورتحال مزید خطرناک ہو سکتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ننگے تار اور غیر محفوظ جوڑ نہ صرف بجلی کے شارٹ سرکٹ کا باعث بن سکتے ہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی خدشہ ہے۔

شہریوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے مینیجر فیسکو ڈویژن سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اندرون شہر لٹکتے تاروں اور ننگے جوڑوں کی مرمت اور درستگی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں