تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھاگٹانوالہ کی ایمرجنسی میں سہولیات ناکافی
ایمرجنسی وارڈ صرف دو بیڈز تک محدود،لاکھوں مکینوں کے لیے واحد طبی سہارا
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھاگٹانوالہ کی ایمرجنسی سہولیات انتہائی ناکافی ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے ، جہاں ایمرجنسی وارڈ صرف دو بیڈز تک محدود ہے جبکہ یہ ہسپتال درجنوں چکوک کے لاکھوں مکینوں کے لیے واحد طبی سہارا ہے ۔ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً پانچ سو مریض اس ہسپتال کا رخ کرتے ہیں، جس کے باعث ایمرجنسی پر شدید دباؤ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق معمولی حادثات سے لے کر سنگین نوعیت کے کیسز تک، تمام مریضوں کو اسی محدود ایمرجنسی میں لایا جاتا ہے ، جہاں جگہ اور سہولیات کی کمی کے باعث بروقت علاج ممکن نہیں رہتا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مریضوں کو اکثر سرگودھا منتقل کرنا پڑتا ہے جس سے قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے اور بعض اوقات جان لیوا نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں۔اہل علاقہ نے وزیر صحت پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھاگٹانوالہ کی ایمرجنسی کو ہنگامی بنیادوں پر وسعت دی جائے اور اسے جدید ٹیکنالوجی اور طبی آلات سے آراستہ کیا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔