تعلیمی سہولیات، 28 اپریل تک مسائل حل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر
کلاس رومز کا فرنیچر بہتر حالت میں ہو ، پنکھے اور دیگرسہولیات بھی قابل استعمال ہوں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت تعلیمی سہولیات کی بہتری کیلئے اہم اجلاس، 28 اپریل تک تمام مسائل حل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کے امور اور سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ارشد وٹو، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن سردار اختر بلوچ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اسکولوں میں واش رومز مکمل طور پر فعال ہوں، ہاتھ دھونے کیلئے بیسن دستیاب ہوں اور صفائی کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
مزید برآں کلاس رومز کا فرنیچر بہتر حالت میں ہو جبکہ کھڑکیاں، پنکھے اور دیگر بنیادی سہولیات بھی درست اور قابل استعمال ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں کہیں بھی معمولی نوعیت کی خرابی یا کمی موجود ہو، اسے فوری طور پر دور کیا جائے اور کسی بھی اسکول میں بنیادی سہولیات کی کمی برداشت نہ کی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام نامکمل کام 28 اپریل تک ہر صورت مکمل کیے جائیں اور مقررہ ڈیڈ لائن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ طلبہ کو صاف، محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔