نئی سبزی و فروٹ منڈی کا دکانوں کی الاٹمنٹ کا تنازع خوش اسلوبی سے حل
ہر دکان کا رقبہ 4.41مرلہ ،ادائیگی دو سالہ آسان اقساط میں کی جائے گی، معاہدے کے بعد آڑھتیوں نے عدالتوں میں زیر التواء مقدمات واپس لینے پر بھی اتفاق کر لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی ذاتی دلچسپی اور موثر حکمت عملی کے باعث نئی سبزی و فروٹ منڈی میں گزشتہ تقریباً 30 سال سے جاری مارکیٹ کمیٹی اور آڑھتیوں کے درمیان دکانوں کی الاٹمنٹ و قیمتوں کا تنازع خوش اسلوبی سے حل ہو گیا۔یہ تنازع نئی سبزی منڈی کے قیام کے وقت پیدا ہوا تھا، جب دکانوں کی الاٹمنٹ اور قیمتوں کے معاملات پر اختلافات سامنے آئے اور معاملہ عدالتوں تک جا پہنچا۔ گزشتہ تین دہائیوں سے زیر سماعت اس کیس میں پیش رفت نہ ہو سکی تھی، تاہم موجودہ ڈپٹی کمشنر نے اس مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے آڑھتیوں اور متعلقہ حکام کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کیے ۔ان اجلاسوں کے نتیجے میں ایک متفقہ حل طے پایا، ہر دکان کا رقبہ تقریباً 4.41 مرلہ ہے جبکہ ادائیگی دو سالہ آسان اقساط میں کی جائے گی۔
اس معاہدے کے بعد آڑھتیوں نے عدالتوں میں زیر التواء مقدمات واپس لینے پر بھی اتفاق کیا،اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں ڈی جی پامرا ذیشان نصراﷲ رانجھا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر ارشد وٹو، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل، ڈائریکٹر پامرا وسیم بھٹی، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی لاہور شہزاد چیمہ اور اے ڈی اے طارق محمود سمیت دیگر افسران شریک ہوئے ،اجلاس میں آڑھتیوں نے ڈپٹی کمشنر کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے اس مسئلے کے باعث مشکلات کا شکار تھے ، تاہم ضلعی انتظامیہ نے احسن انداز میں یہ دیرینہ تنازع حل کر دیا ہے ،ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کے مطابق سبزی و فروٹ منڈی کی مکمل بحالی اور بہتری کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے ، جس پر تقریباً 44 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔