پاور آف اٹارنی کے ذریعے مبینہ مالی بے ضابطگیاں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)پاور آف اٹارنی کے ذریعے حکومتی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کے انکشاف پر بورڈ آف ریونیو نے ریجن بھر میں چھان بین شروع کر دی ہے ۔
سرگودھا سمیت ریجن کے مختلف اضلاع میں کروڑوں مالیت کی جائیدادیں انتقال کی بھاری فیسوں سے بچنے کیلئے صرف پاور آف اٹارنی کے ذریعے منتقل اور فروخت کی جا رہی ہیں، جس میں محکمہ مال کے بعض اہلکاروں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے ۔ذرائع کا کہنا کہ صوبائی حکومت پہلے ہی مختارِ خاص کے غلط استعمال پر پابندی عائد کر چکی ہے ، تاہم اس کے باوجود یہ عمل جاری ہے ۔چیف انسپکٹر سٹیمپ بورڈ آف ریونیو نے چاروں اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو) سے گزشتہ دو سال کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔