علامہ شاہ احمد نورانی کی قومی و ملی خدمات کو خراجِ تحسین

علامہ شاہ احمد نورانی کی قومی و ملی خدمات کو خراجِ تحسین

علامہ شاہ احمد نورانی کی قومی و ملی خدمات کو خراجِ تحسین عالم اسلام کے اتحادکیلئے علامہ شاہ احمد نورانی جیسی قیادت کی ضرورت :مقررین

خوشاب (نمائندہ دُنیا )جوہرآباد میں ملک محبوب رسول قادری کی کتاب’’مولانا شاہ احمد نورانی کی جدوجہد اور قومی اخبارات‘‘کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں ممتاز دانشوروں، صحافیوں، مذہبی و سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عالمِ اسلام کے اتحاد، اسلامی ممالک میں اختلافات کے خاتمے اور پاکستان کے استحکام کے لیے علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی جیسی بصیرت افروز قیادت کی ضرورت ہے ۔

ممتاز صحافی محمود شام، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور پاکستان سنی تحریک کے صدر ثروت اعجاز قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک محبوب رسول قادری کی یہ تصنیف ایک منفرد اور اہم کاوش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے لوگ اکثر چھوٹے شہروں میں ملتے ہیں اور علامہ نورانی کی زندگی اس کی روشن مثال ہے ۔

مقررین نے کہا کہ علامہ شاہ احمد نورانی کو کئی بار بڑی پیشکشیں کی گئیں، مگر انہوں نے یہ کہہ کر سب ٹھکرا دیں کہ ‘‘ہمارا سودا دربارِ رسالت میں ہو چکا ہے ’’۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ نورانی کی بصیرت اور جدوجہد نے پاکستان کو 1973ء کا متفقہ آئین دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا، اور اسلامی ممالک کے مابین اختلافات کم کرانے سمیت ایران‘عراق جنگ کے خاتمے کیلئے بھی مؤثر کردار ادا کیا۔محمود شام نے کہا کہ یہ کتاب پاکستان کے حساس ادوار کی تاریخ کو اجاگر کرتی ہے اور اس میں شامل بیانات سے علامہ نورانی کی سیاسی بصیرت اور فکری پختگی کا اندازہ ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ علامہ نورانی پاکستان کے حامی علماء کی نمائندگی کرتے ہوئے مخالفین کیخلاف ڈٹ کر کھڑے رہے اور ان کا کردار ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائیگا۔ تقریب کے اختتام پر ملک محبوب رسول قادری نے علامہ نورانی کیلئے دعائے مغفرت کرائی۔ تقریب کا آغاز قاری محمد نواز کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جبکہ قاری محمد ابرار قادری نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔ ڈاکٹر عابد شیروانی نے بھی خطاب کیا اور طاہر حسین طاہر سلطانی نے علامہ نورانی کی شان میں منقبت پیش کی۔ اس موقع پر صحافیوں، علماء اور دانشوروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں