صحافت کا عالمی دن ‘بھیرہ پریس کلب میں تقریب کا انعقاد
صحافت کا عالمی دن ‘بھیرہ پریس کلب میں تقریب کا انعقادصحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں :مقررین
بھیرہ (نامہ نگار)صحافت کے عالمی دن کے موقع پر بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقائی صحافیوں، سماجی و سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کلب شاہین فاروقی، فلاحی تنظیم پودا کے لیگل ایڈوائزر خواجہ زاہد نسیم ایڈووکیٹ، ظفر اقبال کھوکھر، چوہدری طارق امیر، حاجی نوید انجم و دیگر مقررین نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں جو سچائی کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی صحافی محدود وسائل کے باوجود بے شمار مشکلات اور خطرات کا سامنا کرتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں اور ان کی جدوجہد اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ صحافی نہ صرف مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار بھی ادا کرتے ہیں، اسلئے انکے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ آزادانہ اور مؤثر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔تقریب کے شرکا نے صحافیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔