میانوالی:اے سی عیسیٰ خیل کا اراضی ریکارڈ سنٹر اور دیہی مرکز صحت کا دورہ
میانوالی (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خیل خلیل احمد نے اراضی ریکارڈ سنٹر عیسیٰ خیل اور دیہی مرکز صحت ترگ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے لینڈ ریکارڈ سنٹر پر عملے کی حاضری چیک کی اور ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔
انہوں نے وہاں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے ۔اس موقع پر انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ سائلین کے امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جائے ۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے دیہی مرکز صحت ترگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی سمیت فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے کی تمام بنیادی سہولیات بروقت اور مؤثر انداز میں فراہم کی جائیں۔