فروٹ وسبزی منڈی کی بحالی کا 60 کروڑ 24 لاکھ روپے کا منصوبہ ٹینڈراوپن

فروٹ وسبزی منڈی کی بحالی کا 60 کروڑ 24 لاکھ روپے  کا منصوبہ ٹینڈراوپن

دسمبر تک تکمیل کا ہدف مقرر ،سڑکوں کی بحالی، باؤنڈری وال کی تعمیر، داخلی و خارجی گیٹس کی تنصیب اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنرحسین احمد رضا چوہدری ق

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) فروٹ و سبزی منڈی کی بحالی کا 60 کروڑ 24 لاکھ روپے کا منصوبہ، ٹینڈر اوپن، دسمبر تک تکمیل کا ہدف مقرر کر دیا گیا،ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی ذاتی کاوشوں اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی زیشان نصراﷲ رانجھا کی خصوصی دلچسپی سے سرگودھا کی مرکزی فروٹ و سبزی منڈی کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لیے 60 کروڑ 24 لاکھ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے کا ٹینڈر آج باقاعدہ طور پر اوپن کر دیا گیا منصوبے کے تحت فروٹ و سبزی منڈی میں جدید سیوریج سسٹم کی تعمیر، سڑکوں کی بحالی، باؤنڈری وال کی تعمیر، داخلی و خارجی گیٹس کی تنصیب اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس منصوبے سے تاجروں، آڑھتیوں، دکانداروں اور خریداروں کو جدید اور معیاری سہولیات میسر آئیں گی جبکہ منڈی کے مجموعی انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فروٹ و سبزی منڈی کی اپ گریڈیشن مقامی تاجروں اور مارکیٹ سے وابستہ افراد کا دیرینہ مطالبہ تھا، جس کی تکمیل کے لیے ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور مؤثر پیروی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینڈر اوپن ہونے کے بعد تمام قانونی اور انتظامی مراحل کو جلد مکمل کرتے ہوئے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور ہدف مقرر کیا گیا ہے کہ فروٹ و سبزی منڈی کی بحالی و اپ گریڈیشن کا یہ منصوبہ رواں سال دسمبر 2026 تک مکمل کر لیا جائے ۔ 

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ منڈی کی مجموعی کارکردگی اور کاروباری ماحول میں بھی خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس اہم منصوبے کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور ڈائریکٹر جنرل پامرا زیشان نصراﷲ رانجھا کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی سہولیات کی فراہمی، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور منڈیوں کی جدید خطوط پر ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے فروٹ و سبزی منڈی کے تاجروں اور دکانداروں کو یقین دلایا کہ منصوبے کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ منڈی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنا کر کاروباری سرگرمیوں کے لیے مزید سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں