ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیص کیلئے کٹس کی کمی دور کرنے کے احکامات
اعدادوشمار کے مطابق ہیپاٹائٹس بی اور سی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ،تشخیصی کٹس کی عدم فراہمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ، تمام سہولیات فراہم کر دی گئیں :محکمہ صحت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب کی جانب سے سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیص کے لیے کٹس کی کمی فوری طور پر دور کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق ان کٹس کی دستیابی سے ہیپاٹائٹس بی اور سی کی ابتدائی تشخیص بنیادی مراکز صحت کی سطح پر بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے بروقت علاج اور بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔اعدادوشمار کے مطابق ہیپاٹائٹس بی اور سی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے ، جبکہ متعدد سرکاری ہسپتالوں میں تشخیصی کٹس کی عدم فراہمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔محکمہ صحت کے مطابق اس صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں اور ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیص کیلئے تما ضروری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ مریضوں کو بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت میسر آ سکے ۔