بھیرہ: صحابہ کرامؓ و اہلِ بیتؓ کے تقدس کے تحفظ کیلئے ریلی
یکم محرم الحرام کو حضرت عمر فاروقؓ کے یومِ شہادت کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ
بھیرہ (نامہ نگار)سنی علما کونسل، اتحاد العلماء، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر مذہبی جماعتوں کے اشتراک سے گنج منڈی بھیرہ سے ایک مطالباتی ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت علامہ محمد عبدالروف راشدی، اعجاز احمد حیدری، قاری محمد اکرم عثمانی، حافظ عبدالرشید انصاری اور دیگر علمائے کرام نے کی۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی محمد خان، مولانا محمد عمران اور مولانا محمد بلال نے کہا کہ صحابہ کرامؓ اور اہلِ بیتِ اطہارؓ کا تقدس اور ان کا دفاع ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کیا جائے اور حضرت عمر فاروقؓ کے یومِ شہادت کو سرکاری سطح پر منایا جائے ۔مقررین نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کے عدل و انصاف کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ آپؓ کی جرات، بصیرت اور مدبرانہ قیادت نے اسلامی ریاست کو استحکام اور وسعت عطا کی۔ریلی کے دوران ایس ایچ او راجہ ریحان حفیظ اور پیرا فورس کے رانا تنزیل الرحمن کی قیادت میں پولیس اور پیرا فورس کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیتے رہے ، جبکہ ستھرا پنجاب کمپنی کی جانب سے راستوں پر پانی کے چھڑکاؤ کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا۔ریلی گنج منڈی سے شروع ہو کر چوک دروازہ چکوالہ، لاری اڈا اور دیگر شاہراہوں سے ہوتی ہوئی بھیرہ بھلوال چوک پہنچی، جہاں سے شرکاء پرامن طور پر بھلوال کے لیے روانہ ہو گئے ۔