کھبیکی جھیل کی تزئین و آرائش کیلئے 30 کروڑ روپے مختص

کھبیکی جھیل کی تزئین و آرائش کیلئے 30 کروڑ روپے مختص

وادی سون میں سیاحت کے نئے دور کا آغاز، فنڈز کی منظوری کا خیر مقدم

خوشاب (نمائندہ دنیا)نئے مالی سال کے بجٹ میں تفریحی مقام کھبیکی جھیل کی تزئین و آرائش کے لیے 30 کروڑ روپے کے خطیر فنڈز مختص کر دیے گئے ہیں، جس سے ضلع خوشاب کی دلکش وادی سون میں سیاحت کے فروغ کی نئی راہیں ہموار ہو گئی ہیں۔ضلع کے سماجی اور عوامی حلقوں نے اس سیاحتی منصوبے کے لیے فنڈز کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے حکومت کا ایک انقلابی قدم قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ معتدل آب و ہوا اور دلکش قدرتی مناظر کے حوالے سے وادی سون کسی طور بھی مری اور کاغان جیسے مشہور سیاحتی مقامات سے کم نہیں، تاہم طویل عرصے تک اس علاقے کا حسن اور سیاحتی پوٹینشل توجہ سے محروم رہا۔عوامی حلقوں کے مطابق کھبیکی جھیل کی ترقی اور وادی سون کو ٹورسٹ پوائنٹ کا درجہ ملنے سے نہ صرف مقامی سطح پر روزگار اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ علاقے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔مزید کہا گیا ہے کہ سیاحت کے فروغ سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ وادی سون کی جانب بڑھے گی، جس سے نہ صرف علاقائی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی بھی توقع کی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں