سرکاری ملازمین کو مساوی الاؤنسز ، ایپکا کی تحریک کی وارننگ
بجٹ میں تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشن میں 3.5 فیصد اضافہ ناکافی ہے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا)سرگودھا ڈویژن کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری ملازمین کو وفاقی حکومت اور دیگر صوبوں کے ملازمین کے برابر مراعات اور الاؤنسز فراہم کیے جائیں۔ڈویژنل صدر ایپکا محمد پرویز اختر چودھری اور ڈویژنل جنرل سیکرٹری ملک منور اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشن میں 3.5 فیصد اضافہ ناکافی ہے ، جو اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنشن، گریجویٹی اور لیو انکیشمنٹ میں کمی کے نوٹیفکیشن واپس لیے جائیں اور لیو انکیشمنٹ کو فوری بحال کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ملازمین کو 2025 میں 30 فیصد اور 2026 میں 15 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس دیا گیا، لہٰذا پنجاب کے ملازمین کو بھی بلا تفریق یہ الاؤنس دیا جائے ۔ایپکا رہنماؤں نے مزید مطالبہ کیا کہ ریٹائرمنٹ کے وقت گروپ انشورنس اور بینیولنٹ فنڈ کی رقوم ادا کی جائیں، ہاؤس رینٹ الاؤنس تمام ملازمین تک بڑھایا جائے اور کنٹریکٹ ملازمین کو تقرری کی تاریخ سے ریگولر کیا جائے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ والد کی وفات کے بعد غیر شادی شدہ بیٹیوں کو پنشن کی منتقلی کا سابقہ طریقہ کار بحال کیا جائے اور ملک بھر میں ایک ملک، ایک نظام کے تحت مساوی تنخواہیں اور الاؤنسز نافذ کیے جائیں۔رہنماؤں نے خبردار کیا کہ پنجاب اسمبلی کے سامنے مجوزہ احتجاجی دھرنا محرم الحرام کے احترام میں مؤخر کیا گیا ہے ، تاہم مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں صوبہ بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔