شہادتِ عمر فاروقؓ حق، عدل استقامت کی مثال :مولانا حامد

 شہادتِ عمر فاروقؓ حق، عدل استقامت کی مثال :مولانا حامد

آپؓ نے قانون کی بالادستی، عوامی حقوق کے تحفظ ، مؤثر احتساب کے نظام کو فروغ دیا

خوشاب (نمائندہ دنیا)بزم علمائے اہلسنت جوہرآباد کے صدر اور جامع مسجد البتول سیٹلائٹ ٹاؤن کے خطیب مولانا صاحبزادہ حامد رضا چشتی نے کہا ہے کہ سیدنا حضرت عمر فاروقؓ کی شہادت حق، عدل اور استقامت کی خاطر دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتی ہے ۔جامع مسجد البتول میں یومِ شہادت حضرت عمر فاروقؓ کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ نے اپنے دورِ خلافت میں انصاف، دیانت اور فلاحِ عامہ کی ایسی مثالیں قائم کیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امیرالمؤمنین حضرت عمر فاروقؓ نے اپنی بے مثال قیادت اور عدل پر مبنی نظامِ حکومت سے تاریخِ عالم میں سنہری نقوش ثبت کیے ۔مولانا حامد رضا چشتی نے کہا کہ یکم محرم ہمیں اس عظیم شخصیت کی یاد دلاتا ہے ، جس کے دورِ خلافت میں مظلوم کو انصاف، کمزور کو تحفظ اور عوام کو بنیادی حقوق میسر تھے ۔ آپؓ نے قانون کی بالادستی، عوامی حقوق کے تحفظ اور مؤثر احتساب کے نظام کو فروغ دیا، جبکہ راتوں کو گشت کرکے رعایا کے حالات معلوم کرنا اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا اپنا فرض سمجھتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کے دور میں اسلامی ریاست نے بے مثال ترقی اور استحکام حاصل کیا۔ آپؓ کی سیرت حکمرانوں، قائدین اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے دیانت، احساسِ ذمہ داری اور خدمتِ خلق کا بہترین نمونہ ہے ۔ شہادتِ فاروقِ اعظمؓ امتِ مسلمہ کو یہ درس دیتی ہے کہ حق و صداقت کی راہ میں ثابت قدمی ہی کامیابی اور سربلندی کا راستہ ہے ، جبکہ آپؓ کا اسوۂ حسنہ عدل، تقویٰ اور خدمتِ انسانیت کا روشن پیغام ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں