اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی:ڈاکٹر جہانزیب
وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا
خوشاب (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حساس ایام میں کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صوبائی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجالس اور شہدائے کانفرنسوں کے دوران علمائے کرام اور ذاکرین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اتحاد، اخوت اور رواداری کا درس دیں اور اپنے عقائد پر کاربند رہتے ہوئے دوسروں کے عقائد کو چھیڑنے سے اجتناب کریں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام پروگرام معمول کے مطابق منعقد ہوں گے ، نہ ہی ان میں کوئی کمی بیشی کی جائے گی اور نہ ہی جلوسوں کے اوقات یا روٹس میں کوئی تبدیلی کی اجازت ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران اور امن کمیٹی کے اراکین جلوسوں کے ہمراہ موجود رہیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے ۔