امام بارگاہوں کی سکیورٹی سخت، ایس پی انوسٹی گیشن کا دورہ
عمران عباس نے کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتنے کی سخت ہدایات جاری کیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ایس پی انوسٹی گیشن سرگودھا عمران عباس چدھڑ نے سٹی ایریا میں قائم مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔انہوں نے سکیورٹی پر مامور پولیس افسران اور اہلکاروں کو الرٹ رہنے اور ڈیوٹی میں کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ایس پی عمران عباس چدھڑ نے امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات بھی کی اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق (SOPs) سے آگاہ کرتے ہوئے عزاداری کے پروگراموں کو پرامن ماحول میں مکمل کرنے کے لیے تعاون کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، اور پولیس عوام و منتظمین کے تعاون سے شرپسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنائے گی۔امام بارگاہوں کے منتظمین نے پولیس انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ حکومت کے طے شدہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں گے اور مقامی پولیس سے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ۔