محرم الحرام کے انتظامات، افسروں کو فیلڈ میں رہنے کا حکم

محرم الحرام کے انتظامات، افسروں کو فیلڈ میں رہنے کا حکم

جلوسوں کے روٹس، مجالس اور حساس مقامات کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر معاونِ خصوصی برائے انسپکشن ٹیم شعیب مرزا نے ضلع سرگودھا کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی محکموں کے سربراہان اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شعیب مرزا نے کہا کہ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور جلوسوں و مجالس کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جلوسوں کے روٹس، مجالس اور حساس مقامات کی مکمل میپنگ کرکے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ محرم روٹس پر صفائی، نکاسی آب، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وال چاکنگ، اشتعال انگیز مواد اور نفرت انگیز سرگرمیوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے جبکہ سرچ اور کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔معاونِ خصوصی نے واضح کیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران مختلف اوقات میں اچانک دورے کرکے انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔انہوں نے شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر سبیلوں، ٹھنڈے پانی، موبائل ٹوائلٹس اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل ٹریفک پلان کی مؤثر تشہیر اور جلوسوں و نمازِ جمعہ کے اوقات میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔ بعد ازاں معاونِ خصوصی نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے ہمراہ ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے انتظامات، مجالس و جلوسوں کی مانیٹرنگ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کاری کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں