سلانوالی:وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کا دورہ، محرم انتظامات کا جائزہ
سلانوالی:وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کا دورہ، محرم انتظامات کا جائزہاسسٹنٹ کمشنر چودھری محمد اکمل نے سکیورٹی اور انتظامی پلان پر بریفنگ دی
سلانوالی (نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ان کے معاون خصوصی برائے انسپکشن ٹیم شعیب مرزا نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا ابوبکر اور ڈی پی او سرگودھا سہیب اشرف کے ہمراہ سلانوالی کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔سلانوالی پہنچنے پر اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی چوہدری محمد اکمل، ڈی ایس پی فیصل عباس چدھڑ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی چوہدری محمد عثمان جاوید ثرویا، ستھرا پنجاب ایجنسی کے مانیٹرنگ منیجر احمد سعید اور تحصیلدار محمد فیاض ملک نے وفد کا استقبال کیا۔اسسٹنٹ کمشنر چودھری محمد اکمل نے نقشے کی مدد سے محرم الحرام کے سکیورٹی اور انتظامی پلان پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں معاون خصوصی نے ذوالجناح کے مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور تجاوزات کے خاتمے ، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیے گئے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا۔انہوں نے مرکزی امام بارگاہ چوک کے قریب بھی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، عزاداروں کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔شعیب مرزا نے شدید گرمی کے پیش نظر ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی زیادہ سے زیادہ سبیلیں لگانے ، اہم جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر مناسب روشنی کے انتظامات کرنے اور بجلی کی بندش کی صورت میں متبادل انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، امن کمیٹی کے عہدیدار، اراکین اور صحافیوں پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران قیامِ امن اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔