بھیرہ:واقعہ کربلا حق، صبر کا لازوال پیغام :صاحبزادہ آصف
بھیرہ:واقعہ کربلا حق، صبر کا لازوال پیغام :صاحبزادہ آصف نواسہ رسول نے رہتی دنیا تک ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا
بھیرہ (نامہ نگار)مجلس حزب الانصار کے نائب امیر اور اسلافِ بگویہ کے جانشین صاحبزادہ آصف ابرار بگوی نے کہا ہے کہ میدانِ کربلا میں نواسئہ رسول حضرت امام حسینؓ نے حق، صداقت اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی اور اپنے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیاں پیش کر کے رہتی دنیا تک ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا۔ آپؓ کی شہادت امتِ مسلمہ کیلئے صبر، استقامت اور ایثار کا عظیم پیغام ہے ۔وہ مجلس حزب الانصار کے زیرِ اہتمام جامعہ بگویہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعئہ کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک روشن باب ہے ، جو ہر دور کے مسلمانوں کو حق پر ثابت قدم رہنے اور باطل قوتوں کے سامنے سر نہ جھکانے کی تلقین کرتا ہے ۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ سیرتِ حضرت امام حسینؓ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ تقریب سے مولانا مفتی ملک غلام مرتضیٰ اور قاری تنویر احمد نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اتحاد، اخوت، صبر اور قربانی کا درس دیتا ہے ، جبکہ حضرت امام حسینؓ اور اہلِ بیتؓ کی لازوال قربانیاں قیامت تک مسلمانوں کیلئے مشعلِ راہ رہیں گی۔تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔