جہلم سے ملحقہ دیہات میں سیلابی خطرات بڑھ گئے
جہلم سے ملحقہ دیہات میں سیلابی خطرات بڑھ گئے سینکڑوں ایکڑ اراضی کے زیر آب آنے اور کاشتکاروں کو کروڑوں کے نقصان کا اندیشہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)موضع سلیقہ، میٹہ، دھپ سڑی، ٹھٹھی صاحبزادہ، موضع عاکی، جندہ قیمہ، پنج پیر، فتح والا سمیت دریائے جہلم سے ملحقہ درجنوں دیہات میں نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔مقامی مکینوں کے مطابق بارش کے پانی کی نکاسی کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، جس کے باعث ہر سال سیلاب سے قبل ہی بارشوں کے پانی سے نشیبی علاقے زیر آب آ جاتے ہیں اور صورتحال سنگین شکل اختیار کر لیتی ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے نتیجے میں سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی کے زیر آب آنے اور کاشتکاروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے ، جبکہ معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہونے کا خدشہ بھی بڑھ رہا ہے ۔مزید یہ کہ مسلسل بارشوں اور پانی کھڑا رہنے کی صورت میں وبائی امراض پھیلنے اور ممکنہ طور پر غذائی قلت جیسے مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں۔ مقامی آبادی نے متعلقہ حکام سے فوری نکاسی آب کے مؤثر انتظامات اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔