ٹیبل ٹینس مقابلے ، خوشاب اور سرگودھا کی شاندار کارکردگی
ٹیبل ٹینس مقابلے ، خوشاب اور سرگودھا کی شاندار کارکردگیبوائز کیٹیگری کی اوور آل چیمپئن ٹرافی ضلع سرگودھا کے نام رہی ، بھکر سیکنڈ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ڈویژنل سپورٹس ڈپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام سپورٹس جمنازیم سرگودھا میں انٹر ڈسٹرکٹ گرلز اینڈ بوائز ٹیبل ٹینس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرگودھا ڈویژن کے مختلف اضلاع کے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔گرلز سنگلز مقابلوں میں ضلع خوشاب کی ایشہ خانصہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ضلع سرگودھا کی مریم دوسری پوزیشن پر رہیں۔ گرلز ڈبلز مقابلوں میں خوشاب کی ایشہ خانصہ اور انوشہ مقصود نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سرگودھا کی مریم اور کشف نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔فیمیل کیٹیگری کی اوور آل چیمپئن ٹرافی ضلع خوشاب کے نام رہی جبکہ دوسری پوزیشن ضلع میانوالی نے حاصل کی۔بوائز سنگلز مقابلوں میں ضلع بھکر کے نعمان نے پہلی اور ضلع خوشاب کے فرحان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ بوائز ڈبلز میں بھی ضلع بھکر کے نعمان اور صادق نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ خوشاب کے فیضان اور فرحان دوسرے نمبر پر رہے ۔
بوائز کیٹیگری کی اوور آل چیمپئن ٹرافی ضلع سرگودھا کے نام رہی جبکہ دوسری پوزیشن ضلع بھکر نے حاصل کی۔اختتامی تقریب میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سرگودھا میڈم صائمہ منظور سمیت بھکر، میانوالی اور خوشاب کے سپورٹس افسر بھی موجود تھے ۔رانا ندیم انجم نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور محکمہ کھیل ان کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گا۔ انہوں نے بوائز کیٹیگری میں کامیابی پر ضلع سرگودھا اور گرلز کیٹیگری میں نمایاں کارکردگی پر خوشاب کی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔اس موقع پر ایشہ خانصہ اور انوشہ مقصود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں مزید سہولیات اور سپورٹ فراہم کی جائے تو وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتی ہیں۔