خواجہ عمران کایومِ عاشورہ کے موقع پر خوشاب کا دورہ
خواجہ عمران کایومِ عاشورہ کے موقع پر خوشاب کا دورہ عزاداروں کے لیے سکیورٹی و انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا
خوشاب(نمائندہ دُنیا)وزیرِ اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر برائے صحت و آبادی خواجہ عمران عزیز نے یومِ عاشورہ کے موقع پر ضلع خوشاب کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ صوبائی وزیر نے خوشاب اور جوہرآباد کے مرکزی جلوسوں کا دورہ کیا اور عزاداروں کے لیے کیے گئے سکیورٹی و انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، امن و امان کی صورتحال اور پولیس کی تعیناتی سے متعلق جامع بریفنگ دی،صوبائی وزیر نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا ۔
اور ہدایت کی کہ یومِ عاشورہ کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی سر انجام دینے والے تمام پولیس افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ یوم عاشور کے جلوسوں کے شرکا کو تمام ممکنہ سہولیات مہیا کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب شہر کے جلوسوں کے روٹس میں مختلف مقامات پر سہولت کیمپس لگائے گئے جہاں سے ٹھنڈے پانی ، شربت اور اور ادویات سمیت دیگر تمام سہولیات مہیا کی گئیں ۔