بی آئی ایس پی میں خاتون سے بدسلوکی ، مرغا بنادیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ضلعی دفتر میں خاتون کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
متاثرہ خاتون مریم نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ امدادی رقم کے سلسلے میں دفتر کے باہر لائن میں اپنی باری کا انتظار کر رہی تھیں کہ اسی دوران عملے نے انہیں لائن سے ہٹ کر پیچھے جانے کا کہا۔ ان کے مطابق انکار کرنے پر دفتر کا عملہ مشتعل ہو گیا،خاتون کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی کے عملے نے موقع پر موجود مرد اور لیڈیز پولیس اہلکاروں کو بلایا۔ جنہوں نے مبینہ طور پر انہیں بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا، زبردستی دفتر کے ایک کمرے میں لے گئے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ دورانِ واقعہ انہیں مبینہ طور پر \"مرغا\" بھی بنایا گیا، حالانکہ ان کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ اپنی باری کے انتظار میں لائن میں کھڑی تھیں،بی آئی ایس پی کی انچارج میڈم سمیرا کی ہدایت پر ان کے ساتھ یہ مبینہ ناروا سلوک کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری دفتر میں خواتین کے ساتھ اس نوعیت کا رویہ ناقابل قبول ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ،متاثرہ خاتون نے آر پی او اور ڈی پی او سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں