کوئی وضاحت پیش کرنا میرے ادارہ کے وقار کے منافی ،ڈاکٹر سعید
کوئی وضاحت پیش کرنا میرے ادارہ کے وقار کے منافی ،ڈاکٹر سعید میرٹ کے حوالہ سے کسی قسم کی رعایت کی گنجائش ہی نہیں رکھی گئی ، گفتگو
دریاخان(نمائندہ دنیا)تھل یونیورسٹی بھکر میں فروغ تعلیم کا ذریعہ ہے ۔روزگار کی فراہمی کی ضامن نہیں۔ بھرتیوں پر اعتراض کرنے والے پنجاب حکومت کی اس حوالہ سے بنائی گئی پالیسی کو پڑھ لیں۔ تسلی ہو جائے گی۔سوشل میڈیا پر ادارہ کو بدنام کرنے والوں کو کوئی وضاحت پیش کرنا میرے اور ادارہ کے وقار کے منافی ہے ۔ ان شائاللہ ایسے افراد کو ملکی قوانین کے تحت احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سعید احمد بزدار وائس چانسلر تھل یونیورسٹی بھکر نے گزشتہ روز اپنے آفس میں صحافیوں سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مختلف پوسٹوں پر بھرتی کا کرائیٹیریا پنجاب حکومت نے وضع کیا۔اور بھرتیوں کے پراسیس کی نگرانی و تکمیل کے لیے ایک ذمہ دار کمیٹی قائم کی گئی۔ جس میں مختلف سیاسی وسماجی اور سرکاری شخصیات شامل تھیں۔اور درخواست دہندگان کو پورے ملک سے حصہ لینے کی آزادی تھی۔ جبکہ میرٹ کے حوالہ سے کسی قسم کی رعایت کی گنجائش ہی نہیں رکھی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں شامل ایم پی اے کے قریبی عزیز بھی اگر میرٹ پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے ریجیکٹ قرار پائے ہیں تو پھر یہ سمجھ لینا چاہئیے کہ بھرتیوں کا معیار علاقہ ، نسل یا کوئی مخصوص نظریاتی وابستگی نہیں۔
بلکہ صرف اور صرف حکومت کا طے کردہ تعلیمی معیار اور قابلیت رہی ہے ۔ اگر کوئی بھی فرد یا گروہ سمجھتا ہے کہ تھل یونیورسٹی انتظامیہ نے سکروٹنی اور ریکروٹنگ کے مقررہ ضوابط سے انحراف کیا ہے ۔ تو وہ اس کو جہاں چاہے چیلنج کرے ۔ بعض اُمیدواروں نے اپنی ناکامی کو مختلف الزامات ابہامات کے سہارے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف ہتھیار بنا کرعدالتوں میں یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف درخواستیں دائر کیں۔ جو پہلی پیشہ پر ہی ناکافی شواہد اور بے بنیاد اختراعات کی بنیاد پر خارج کر دی گئیں۔