سی سی ڈی فعال ہونے کے بعد سے جرائم میں کمی ہوئی ،ریجنل آفیسر
سی سی ڈی فعال ہونے کے بعد سے جرائم میں کمی ہوئی ،ریجنل آفیسر شہری جرائم کی روک تھام کیلئے سی سی ڈی سے تعاون کریں،کھلی کچہری سے خطاب
کوٹ مومن (نمائندہ دنیا) ریجنل آفیسر سی سی ڈی بابر جاوید اور ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی نصر اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے جرائم کے مؤثر خاتمے کے لیے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) قائم کیا ہے اور محکمہ کے فعال ہونے کے بعد سرگودھا ڈویژن میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔وہ سرکل آفس سی سی ڈی کوٹ مومن میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ جرائم کی روک تھام کے لیے سی سی ڈی سے تعاون کریں، اپنا موبائل نمبر نوٹ کریں اور کسی بھی جرائم پیشہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سی سی ڈی کا کوئی اہلکار یا افسر شہریوں کو ناجائز طور پر ہراساں کرے تو اس کی بھی بلا خوف اطلاع دی جائے تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔اس موقع پر انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری اے ایس رانا نے کہا کہ سی سی ڈی کی جانب سے آئس سمیت دیگر منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے باعث منشیات فروشی میں واضح کمی آئی ہے ، جس پر تاجر برادری محکمہ کی کارکردگی کو سراہتی ہے ۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے مختلف جرائم پیشہ عناصر کے خلاف درخواستیں بھی پیش کیں، جبکہ سی سی ڈی حکام نے یقین دلایا کہ جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔