انسانی جانوں سے کھیلنے والے عطائی رعایت کے مستحق نہیں، ڈپٹی کمشنر
انسانی جانوں سے کھیلنے والے عطائی رعایت کے مستحق نہیں، ڈپٹی کمشنر غیر رجسٹرڈ میڈیکل سٹورز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عطائی کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلع بھر میں عطائیوں، غیر رجسٹرڈ میڈیکل سٹورز اور غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے یہ ہدایات محکمہ صحت کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر کاشف نوید، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی سے فیلڈ وزٹس کریں اور جہاں غیر قانونی طور پر عطائیت یا میڈیکل سٹور کی آڑ میں علاج معالجہ کیا جا رہا ہو۔، وہاں فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ مراکز اور جائیدادوں کو قانون کے مطابق سیل کیا جائے ۔انہوں نے ڈرگ انسپکٹرز کے لیے واضح کے پی آئیز مقرر کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹس ان کے دفتر بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا عطائیت ایک سنگین سماجی اور طبی مسئلہ ہے جس کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔