بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ
بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ گرمی میں گھروں، دفاتر اور دکانوں میں موجود افراد کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، بجلی کی بار بار آنکھ مچولی کے باعث جہاں راتوں کی نیندیں متاثر ہو رہی ہیں وہیں دن کے اوقات میں کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہونے لگی ہیں شہریوں کے مطابق شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، جس کے باعث شدید گرمی میں گھروں، دفاتر اور دکانوں میں موجود افراد کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بجلی بند ہونے سے پنکھے ، ایٔر کولر اور دیگر برقی آلات بند ہو جاتے ہیں جبکہ حبس کی شدت کے باعث خصوصاً بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، رات کے اوقات میں بجلی کی بندش کے باعث نیند کا معمول متاثر ہو رہا ہے ، جس سے دن بھر کے معمولات بھی متاثر ہوتے ہیں۔ دوسری جانب کاروباری طبقے نے بھی شکایت کی ہے کہ بجلی کی مسلسل بندش سے دکانوں، ورکشاپس اور چھوٹے کاروباروں میں کام متاثر ہو رہا ہے ، جبکہ بجلی سے منسلک کاروباری سرگرمیوں کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بجلی کی بندش کے دورانیے اور شیڈول سے متعلق بھی واضح معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں ،شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور گرمی کے اس سخت موسم میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments