کم عمر لڑکی کی عمر بڑھا کر مبینہ طور پر زبردستی نکاح
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں 15 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر گھر سے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے جا کر عمر 18 سال ظاہر کرتے ہوئے زبردستی نکاح کرانے کا الزام سامنے آیا ہے ۔
ورثاء نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مبینہ طور پر جعلی نکاح کرانے والے افراد سے لڑکی کی زندگی کو خطرہ ہے ۔پولیس کے مطابق گاؤں 40 شمالی کی رہائشی 15 سالہ بسم اﷲ راشد کو مبینہ طور پر گھر سے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے جایا گیا اور زبردستی نکاح کرادیا گیا۔ لڑکی کی خالہ فوزیہ بی بی نے الزام عائد کیا کہ نکاح کے لیے بسم اﷲ راشد کی عمر 18 سال ظاہر کی گئی۔
حالانکہ نادرا ریکارڈ کے مطابق اس کی تاریخ پیدائش 5 اگست 2011 ہے اور اس کی عمر 15 سال بنتی ہے ۔فوزیہ بی بی کے مطابق بسم اﷲ راشد کی والدہ دو سال قبل انتقال کرچکی ہیں جبکہ اس کے والد نے دوسری شادی کرلی ہے اور وہ لڑکی کی قانونی وارث ہیں۔ خالہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ مبینہ طور پر فرضی نکاح کرانے والے افراد لڑکی کو کسی شخص کے ہاتھ فروخت بھی کرسکتے ہیں اور اس کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔پولیس کے مطابق واقعے پر سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے نکاح خواں حافظ غلام علی، گواہان سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ مغویہ لڑکی کی تلاش جاری ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments