سب انسپکٹر محمد فاروق کی کاوش، 22 سالہ دشمنی دوستی میں بدل گئی
سب انسپکٹر محمد فاروق کی کاوش، 22 سالہ دشمنی دوستی میں بدل گئی جامع مسجد غوثیہ شاہپور شہر میں باقاعدہ صلح کی تقریب ،مٹھائی بھی تقسیم کی گئی
شاہپورصدر (نامہ نگار)تھانہ شاہپور سٹی کے سب انسپکٹر محمد فاروق کی خصوصی کاوشوں اور مسلسل کوششوں سے گوندل برادری اور چدھڑ برادری کے درمیان 22 سال سے جاری اراضی کا تنازع خوش اسلوبی سے حل ہوگیا اور طویل عرصے سے چلی آنے والی دشمنی دوستی اور بھائی چارے میں بدل گئی۔ دیرینہ تنازع کے خاتمے پر اہل علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس سلسلے میں جامع مسجد غوثیہ شاہپور شہر میں باقاعدہ صلح کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گوندل برادری کی جانب سے چودھر ی محمد یعقوب گوندل، چودھری شفیع گوندل، چودھری محمد عمر گوندل، حاجی شیر محمد گوندل، محمد نواز گوندل، چودھری امجد گوندل سمیت دیگر معززین، جبکہ چدھڑ برادری کی جانب سے چوہدری محمد ریاض چدھڑ، محمد فیاض چدھڑ، محمد حیات چدھڑ، محمد سجاد چدھڑ سمیت دیگر عمائدین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر سب انسپکٹر محمد فاروق نے دونوں برادریوں کے افراد کو گلے ملوا کر صلح کرائی۔ شرکا نے دیرینہ رنجش کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ تقریب کے اختتام پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سب انسپکٹر محمد فاروق نے کہا کہ اسلام ہمیں معافی، صبر اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی اولاد کو وراثت میں دشمنی اور نفرت نہیں بلکہ محبت، امن اور بھائی چارہ دینا چاہیے ۔ معمولی اختلافات اور تنازعات کو نسل در نسل منتقل کرنے کے بجائے باہمی مشاورت اور صلح کے ذریعے ختم کرنا ہی معاشرے کی بہتری کا راستہ ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments