کمشنر کا اجلاس، شہری مسائل،اربن فلڈنگ ، اہم امور کا جائزہ
کمشنر کا اجلاس، شہری مسائل،اربن فلڈنگ ، اہم امور کا جائزہرہائشی علاقوں میں صفائی کا تسلسل برقرار رکھنے ،مؤثر نگرانی یقینی بنانے پر زور
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کے ایجنڈا پوائنٹس پر فالو اَپ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہری مسائل، اربن فلڈنگ، ویسٹ مینجمنٹ، ستھرا پنجاب، ٹریفک سگنلز اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا، ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی، ایم ڈی واسا، ڈی پی او سرگودھا کے نمائندے ، ڈی ایس پی ٹریفک، کینٹونمنٹ بورڈ کے نمائندے ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ شہری مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اقدامات یقینی بنائیں۔
انہوں نے اربن فلڈنگ کے مستقل تدارک، نکاسی آب کے نظام میں بہتری اور بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں فوری رسپانس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے ، اہم شاہراہوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کا تسلسل برقرار رکھنے اور ویسٹ مینجمنٹ آپریشنز کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے پر زور دیا۔ کمشنر نے ٹریفک سگنلز کی فعالیت، ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور شہر کو صاف، خوبصورت اور منظم بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر پیش رفت یقینی بنانے اور مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments