ماڈل ولیج منصوبہ عدم توجہی اور مسائل کے باعث تاخیر کا شکار

 ماڈل ولیج منصوبہ عدم توجہی اور مسائل کے باعث تاخیر کا شکار

متعدد افسران کے استعفوں کے بعد ٹھیکیداروں نے مبینہ طور پر کام روک دیا فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث متعدد کام مقررہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکے

شاہپور صدر (نامہ نگار)تحصیل شاہپور کے گاؤں عاقل شاہ سمیت پنجاب بھر میں کروڑوں ،اربوں روپے کی لاگت سے شروع کیا جانے والا ماڈل ولیج منصوبہ عدم توجہی اور انتظامی مسائل کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا۔ متعدد افسران کے استعفوں کے بعد مختلف ترقیاتی کاموں پر مامور ٹھیکیداروں نے مبینہ طور پر کام روک دیا ہے ۔ ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ انہیں فنڈز کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ انہیں یہ بھی واضح طور پر معلوم نہیں کہ منصوبے کا موجودہ انچارج کون ہے ، جس کے باعث ترقیاتی کاموں کی رفتار بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق ماڈل ولیج منصوبے کے تحت شاہپور سمیت مختلف علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا تھا، تاہم انتظامی معاملات میں پیدا ہونے والی مبینہ پیچیدگیوں اور فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث متعدد کام مقررہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکے ۔ بعض ٹھیکیداروں کی جانب سے کام روک دیے جانے کے باعث منصوبے کی بروقت تکمیل بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے ۔ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ جب تک زیرِ التوا فنڈز کی فراہمی اور منصوبے کے انتظامی معاملات واضح نہیں کیے جاتے ، ترقیاتی کام جاری رکھنا مشکل ہے ۔

دوسری جانب شہریوں میں بھی منصوبے کے تعطل پر تشویش پائی جا رہی ہے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے شروع کیے گئے منصوبے کو اس طرح التوا کا شکار نہیں ہونا چاہیے ، کیونکہ اس سے نہ صرف سرکاری وسائل کے ضیاع کا خدشہ ہے بلکہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ماڈل ولیج منصوبے کی موجودہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...