15اکتوبر کو ایف ڈی اے پلاٹس،پبلک یوٹیلیٹی سائٹس کی نیلامی
15اکتوبر کو ایف ڈی اے پلاٹس،پبلک یوٹیلیٹی سائٹس کی نیلامیگلستان پلازا کی دکانیں بھی کرایہ پر دینے کیلئے نیلامی میں پیش کی جائیں گی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) کے زیرِ کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں متعدد کمرشل پلاٹس جبکہ 126 پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں مختلف رقبہ جات پر مشتمل پبلک یوٹیلیٹی سائٹس کی نیلامِ عام 15 اکتوبر 2026ء کو صبح 11 بجے ایف ڈی اے کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیلامی کیلئے منتخب کمرشل پلاٹس کی تفصیلات، محلِ وقوع اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نیلامِ عام میں دکانوں کی تعمیر کیلئے مختص کمرشل پلاٹس محلہ احمد نگر، ملت ٹاؤن، علامہ اقبال کالونی اور مدینہ ٹاؤن میں واقع ہیں، جبکہ ملت چوک گلستان کالونی نمبر 2 میں ایف ڈی اے کی ملکیتی گلستان پلازا کے مختلف فلورز پر واقع دکانیں بھی کرایہ پر دینے کیلئے نیلامی میں پیش کی جائیں گی۔مزید برآں 126 پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کیلئے مختص مختلف رقبہ جات پر مشتمل پبلک یوٹیلیٹی سائٹس بھی نیلامِ عام کے ذریعے فروخت کیلئے پیش کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments