رواں سال جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ، ڈی پی او

رواں سال جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ، ڈی پی او

راہزنی کی وارداتوں میں 55 ، ڈکیتی میں 44 فیصد، کمی ریکارڈ کی گئیقبضے سے 32 کروڑ 84 لاکھ روپے کا مسروقہ سامان برآمد روزنامہ دنیا سے گفتگو

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے رواں سال جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کا دعویٰ کیا ہے ۔ ڈی پی او توقیر محمد نعیم نے روزنامہ دنیا سے بات چیت کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس کی سالانہ کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2026ء میں گزشتہ سال کے مقابلے میں راہزنی کی وارداتوں میں 55 فیصد، ڈکیتی میں 44 فیصد، گاڑی چوری میں 42 فیصد اور گاڑی چھیننے کے واقعات میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ اقدام قتل اور سنیچنگ و جھپٹا کے مقدمات میں 29، نقب زنی میں 20، مویشی چوری میں 13 اور قتل کے مقدمات میں 7 فیصد کمی ہوئی۔ ڈی پی او کے مطابق منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رواں سال 134 گینگز کے 3 ہزار 263 ملزمان گرفتار کیے گئے اور ان کے قبضے سے 32 کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔

منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 1 ہزار 33 مقدمات درج کرکے 66 من سے زائد منشیات برآمد کی گئیں، جن میں 55 کلو آئس، 248 کلو چرس، 7 کلو ہیروئن اور 2 ہزار 340 کلو پوست شامل ہے ۔ اسلحہ کلچر اور بدمعاشی کے خاتمے کے لیے 1 ہزار 494 مقدمات درج کیے گئے ، جن میں 89 کلاشنکوفیں، 122 رائفلیں، 215 بندوقیں، 1 ہزار 68 پستول اور 42 ہزار سے زائد گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ 4 ہزار 387 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے 610 اشتہاری بھی شامل ہیں۔ ڈی پی او نے گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ اس عرصے میں وہیکل چوری میں 27 فیصد، نقب زنی میں 20 فیصد اور مویشی چوری میں 19 فیصد کمی ہوئی۔ پولیس نے 26 گینگز کے 585 ملزمان گرفتار کرکے 462 مقدمات ٹریس کیے اور 10 کروڑ 79 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف 361 مقدمات درج کرکے 370 ملزمان گرفتار کیے گئے ، جن سے 24 کلو آئس، ایک کلو 280 گرام ہیروئن، 96 کلو چرس اور 6 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد ہوئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...