نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کیلئے آئینی طریقہ ضروری،ملک شہادت
دونوں ایوانوں سے بھی دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظورکرانا لازم ہے
خوشاب(نمائندہ دُنیا) سابق وزیر مملکت برائے قانون و انصاف ملک شہادت اعوان نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کیلئے آئینی طریقہ کار کو فالو کرنا ضروری ہے ، آئین پاکستان ریفرنڈم کرانے کی اجازت دیتا ہے لیکن اس کی حیثیت صرف مشاورت کے عمل جیسی ہے کسی بھی صوبے میں تقسیم کی لکیر کھینچے کیلئے متاثرہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری لینا ضروری ہے ۔ میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ صوبوں کی تقسیم کا عمل اتنا آسان نہیں ،صوبائی اسمبلی سے منظوری کے بعد تر میمی بل پاکستان کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، یعنی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کر کے اسے دونوں ایوانوں سے بھی دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظورکرانا لازم ہے ۔ ایوانوں سے منظوری ملنے کے بعد اسے توثیق کیلئے صدرمملکت کے پاس بھیجنا پڑتا ہے اور ان کے دستخطوں کے بعد ہی ترمیمی عمل مکمل ہو سکتا ہے ۔ اس لئے اگر ریفرنڈم کے نتائج صوبوں کی تقسیم کے حق میں بھی ہوں تو ان پر عمل در آمد نہیں ہو سکتا ، اب یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ ریفرنڈم کا سہارا لے کر وقت ضائع کرتی ہے یا آئینی طریقہ کار کو فولو کر تی ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی خالق ہونے کی حیثیت سے ہر آئینی اقدام کا خیر مقدم کرے گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments