738 افراد کا پتا لگا لیا 10 دسمبر تک بازیاب کرالیں گے:وزیر دفاع

738 افراد کا پتا لگا لیا 10 دسمبر تک بازیاب کرالیں گے:وزیر دفاع

کسی کو غیر قانونی حراست میں نہیں رکھا جائیگا،قانون سے ماورا کوئی قدم نہیں اٹھایا جاسکتا،خواجہ آصف،معاملہ انتہا کو پہنچ گیا،عدم بازیابی پر خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں، جسٹس افتخار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تمام لاپتا افراد کی بازیابی حکومت کا فرض ہے،738 افراد کا پتا لگالیا،10 دسمبر تک انہیں بازیاب کرالیں گے،کسی کو غیر قانونی حراست میں نہیں رکھا جائے گا،قانون سے ماورا کوئی قدم نہیں اٹھایا جاسکتا۔وہ جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں لاپتا افراد کے مقدمے میں پیش ہونے کے بعد کراچی پریس کلب کے باہر لاپتا افراد کے اہل خانہ کی جانب سے لگائے گئے کیمپ کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔کیمپ میں دورے کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے لاپتا افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان کے حالات پچھلے 12سے13سال میں خراب کیے گئے۔ بلوچستان کے حالات میں بہتری آ رہی ہے ،وہاں کے مسائل جلد حل ہوں گے اور عوام کو حقوق ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ738 لاپتا افراد کا پتا لگایا جا چکا ہے،10 دسمبر سے پہلے انہیں بازیاب کرا لیں گے۔ ڈرون حملوں سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف اور نا قابل برداشت ہیں، ڈرون حملو ں کا معاملہ دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر اٹھائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں