مسلمانوں کا باہمی قتل کافروں والا کام ہے، مفتی رفیع عثمانی
پشاور میں جن لوگوں نے قتل و غارت کی وہ واقعی طالبان نہیں ظالمان ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مفتی اعظم پاکستان اور دارالعلوم کراچی کے رئیس الجامعہ مفتی محمد رفیع عثمانی جامعہ کے اساتذہ حدیث و مفتیان ِکرام نے سانحہ پشاور پر مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نبی کریم ؐ نے خطبہ حجۃ الوداع کے موقع پر جہاں بہت ساری اور اہم باتیں امت کے لئے بطور نصیحت کے ارشاد فرمائی تھیں،یہ جملہ بھی خاص طور پر ارشاد فرمایا تھاکہ میرے بعد تم کافروں کی طرح نہ ہو جانا کہ ایک دوسرے کی گردنیں مارنے لگو۔ معلوم ہواکہ مسلمانوں کا آپس میں قتال کافروں والا کام ہے۔ پشاور میں جو واقعہ رونما ہوا اس پر ہر درد مند انسان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ جن لوگوں نے یہ حرکت کی وہ درحقیقت طالبان نہیں بلکہ ظالمان ہیں۔ اگر وہ طالبان یعنی علم دین کے پڑھنے والے ہوتے تو یہ حرکت ہرگز نہ کرتے۔ پشاور میں جو حرکت کی گئی ہے یہ حرکت تو ایک ادنٰی درجے کا مسلم بھی نہیں کرسکتا۔ عین جنگ کی حالت میں جبکہ ہمارے دشمن کافرہوں، اسلامی تعلیمات کی رو سے بچوں اور عورتوں کو نشانہ نہیں بنایا جاسکتا۔ بیان جاری کرنے والے علما میں شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی نائب رئیس الجامعہ دارالعلوم کراچی، مفتی محمود اشرف عثمانی، مولانا عزیر الرحمن نگران ِ تعلیمات، مولانا مفتی عبدالرؤف سکھروی، مولانا محمد زبیر اشرف عثمانی اور مولانا عمران اشرف عثمانی شامل ہیں۔