کراچی میں روہنگیا مسلمانوں کی آبادکاری پر غور
چوہدری نثار کی زیر صدارت اجلاس، برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے واقعات پر غور
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں میانمر کے صوبہ روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کے معاملے کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس حوالے سے حکمت عملی بھی بنائی گئی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کے حوالے سے کمیٹی بنائی تھی۔ ادھر روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر اقوام متحدہ، اوآئی سی اور دیگر عالمی تنظیموں کی خاموشی پر وفاقی حکومت نے کراچی میں مہاجرین کی آبادکاری پر غور شروع کردیا ہے ۔ آن لائن ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو اس مد میں کیے جانے والے ممکنہ اقدامات سے آگاہ کرے گی۔ کمیٹی سفارشات کے بعد مہاجرین کی کراچی میں آباد کاری کے حوالے سے اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے روہنگیا کے 30 لاکھ میں سے 10 لاکھ مسلمان مہاجرین کی آباد کاری کو پیش نظر رکھتے ہوئے خیمہ بستیاں قائم کی جائیں گی۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ممکنہ آبادی کاری کے تحت کیے جانے والے اقدامات کے پیش نظر مہاجرین کے لیے کراچی میں جگہ کی خریداری اور دیگر بنیادی سہولیات کے لیے پی سی ون بھی تیار کیا جارہا ہے ، جس کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے علاوہ کراچی کے بڑے کاروباری حضرات سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔