ایان کو دبئی جانے سے روکدیا گیا ، ایئر پور ٹ سے واپس
نثار مشرف کو روک کر دکھاتے ، لڑکی کو روک کر سپر ہیرو نہیں بن سکتے ، ایان
کراچی( سٹاف رپورٹر ،دنیا نیوز)ایان علی کی مشکلات کم نہ ہوئیں، امیگریشن حکام نے کراچی ایئر پورٹ پر بیرون ملک روانگی سے روک دیا۔ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بیرون ملک جانے کی اجازت ملنے کے بعد ایان علی دبئی روانگی کے لئے وکلا کے ہمراہ کراچی ایئر پورٹ پہنچی، تاہم امیگریشن حکام کی جانب سے ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کا بورڈنگ پاس منسوخ کر دیا گیا اور ان کو جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا ۔ امیگریشن حکام کا کہنا تھا جب تک انہیں اسلام آباد سے آگاہ نہیں کیا جاتا وہ ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ بیرون ملک جانے کی اجازت نہ ملنے پر ایان علی بوجھل دل کے ساتھ گھر کو روانہ ہو گئیں۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک ریفرنس بھیجا گیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ بیرون ملک نہ جا سکے ۔ ذرائع کا کہنا ہے پنجاب حکومت نے ریفرنس مقتول کسٹم انسپکٹر اعجاز محمود کی بیوہ کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر رٹ کے جواب میں بھیجا ہے ۔مقتول اعجاز محمود کی بیوہ نے رٹ میں استدعا کر رکھی ہے کہ ایان علی ان کو ان کے شوہر اعجاز محمود کے قتل کی تفتیش کیلئے درکار ہے ، اس لئے ایان علی کو ملک سے باہر جانے سے روکا جائے ۔ماڈل ایان علی کا نام دوبارہ ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا حکومت سے ایان علی کو روکنے کے سواکیا توقع کی جا سکتی ہے ، نہتی لڑکی کو بلاوجہ روکا جا رہا ہے ۔ ایان علی نے کہا کہ وزیر داخلہ چودھری نثار سابق صدر پرویز مشرف کو روک کر دکھاتے ، ایک لڑکی کو روک کر وہ سپر ہیرو نہیں بن سکتے ۔ نجی ٹی وی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ایان علی نے کہا کہ عدالتی حکم دکھانے کے باوجود امیگریشن حکام نے انہیں بتایا کہ اُوپر سے حکم ہے ، وہ مجبور ہیں، انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ ایان علی نے کہا کہ وہ امیگریشن کے چھوٹے عملے کی مجبوری سمجھتی ہیں، وہ اُن لوگوں کے خلاف دوبارہ عدالت میں جائیں گی جو عدالتی احکامات کو خاطر میں نہیں لاتے ۔ انہوں نے کہا کہ جس کسٹم انسپکٹر کی بیوہ کی درخواست کو روکنے کی بنیاد بنایا جا رہا ہے ، اُس ا نسپکٹر کا میرے کیس سے کوئی تعلق نہ تھا۔