قرآن کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا مناسب نہیں، شجاعت
سپیکر قومی اسمبلی کسی طور پر قرآن کے تقدس و حرمت پر حرف نہ آ نے دیں ، بیان
لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قرآن کریم کی حرمت کا تقاضا ہے کہ اس مقدس ترین کتاب کو سیاسی معاملات کے بیچ میں نہ لایا جائے اور سپیکر قومی اسمبلی کو چاہئے کہ وہ اس بات کو ملحوظ خاطر رکھیں کہ کسی طور پر قرآن پاک کے تقدس اور حرمت پر حرف نہ آئے ۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی میں قرآن مجید کو جس طرح موضوع بحث بنایا جا رہا ہے اور قرآنی آیات کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے وہ مناسب نہیں ہے کیونکہ کل کو یہ نہ ہو کہ جیسے بجٹ اجلاس کے موقع پر بجٹ دستاویزات کو پھاڑ کر پھینک دیا جاتا ہے اس طرح کہیں قرآن کریم کی بے حرمتی بھی نہ کر دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ کسی بھی جانب سے قرآن مجید کو سیاسی معاملات کے بیچ میں نہ لایا جائے تاکہ اس مقدس ترین کتاب کی حرمت برقرار رہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی کو اس سلسلہ میں سخت ترین اقدام سے بھی گریز نہیں کرنا چاہیے ۔