قیدیوں کو سہولتیں دینگے ، 72 نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دیدی : وزیراعلیٰ پنجاب

قیدیوں کو سہولتیں دینگے ، 72 نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دیدی : وزیراعلیٰ پنجاب

پولیس پریزن وین میں قیدیوں کیلئے آرام دہ سیٹیں لگانے کے اقدامات کا آغاز کر دیا، انسداد ڈینگی کو خود مانیٹر کرونگا:بزدار ، منہ کھر بیماری سے پاک زونز کے قیام کیلئے چینی ماہرین کا خیر مقدم کریں گے ، خطاب ، ترین گروپ کے خرم لغاری کی ملاقات

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر قیدیوں کی وین میں قیدیوں کے بیٹھنے کیلئے آرام دہ سیٹیں لگانے اور وین کو ہوادار بنانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ۔اس ضمن میں انہوں نے تیار کی جانیوالی پہلی پریزن وین کامعائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے پولیس پریزن وین میں قیدیوں کے بیٹھنے اور ہواکی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ کاکہنا ہے کہ پنجاب بھر میں 300پولیس پریزن وین میں آرام دہ سیٹیں لگانے کا آغاز کر دیا۔ پنجاب حکومت نے 72نئی پولیس پریزن وین خریدنے کی منظوری دے دی ہے ،ا س اقدام سے قیدیوں کو سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو مزید بنیادی سہولیتیں دینگے ۔وزیر اعلی سے ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی سردار خرم لغاری نے ملاقات کی ،خرم لغاری نے بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ہمیشہ عزت دی۔ادھر وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس میں تعاون پر چینی دوستوں کے مشکور ہیں۔ چینی دوستوں کو پنجاب کی انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں ۔وہ سی پیک اتھارٹی کے زیر اہتمام مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں مویشیوں کی منہ کھر بیماری سے پاک زونز کے قیام کیلئے چینی ماہرین کی معاونت کا خیر مقدم کریں گے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ بزدار نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لئے صوبہ بھر میں متعلقہ اداروں اورمحکموں کو چوکس کردیا ہے ،کورونا کی طرح انسداد ڈینگی کے اقدامات کو خود مانیٹر کروں گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں