یکم دسمبر سے قیامت خیز مہنگائی: شہباز شریف، تیل سستا ہونے کے اثرات پاکستان میں 2 ماہ بعد: فواد چودھری

یکم دسمبر سے قیامت خیز مہنگائی: شہباز شریف، تیل سستا ہونے کے اثرات پاکستان میں 2 ماہ بعد: فواد چودھری

ڈالر کی پرواز مہنگائی کی جلتی آگ پر تیل کا کام کر رہی،معاشی تباہی ملکی سلامتی کیلئے زہر قاتل،جلد کچھ نہ کیا تو واپسی مسئلہ بن جائیگی،خدارا آنکھیں کھولیں: صدر ن لیگ ، رانا شمیم لیگی عہدیدار تھے ،مرضی کا بیان لیا، عدلیہ نوٹس لے :وزیر اطلاعات،جتنی مرضی سازشیں کرلیں، این آر او نہیں دینگے :اسد عمر ، مریم قوم سے معافی مانگیں : فرخ

لاہور (اپنے سیاسی رپورٹر سے )مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ڈالر کی تاریخی بلندی کو معاشی تباہی کے طوفان کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی تاریخی بلندی اور روپے کی گرتی قدر ملک میں حکومت اور درست معاشی پالیسی نہ ہونے کا ثبوت ہے ۔ ملک میں عوامی حکومت ہوتی تو آج ملکی معاشی صورتحال کا یہ حال نہ ہوتا۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ جب وزارت خزانہ اپنے مشیر خزانہ کے بیان کی تردید کرے ، جھوٹے اعدادوشمار دئیے جائیں تو پھر معیشت کا ایسے ہی دھڑن تختہ ہوتا ہے ۔ ریکارڈ تجارتی خسارہ ملکی معاشی تباہی کے خطرناک اشارے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی بلند ترین سطح معاشی غلط سمت کی واضح دلیل ہے ۔ قرض، مہنگائی، خسارے ، ڈالر ہر چیز ریکارڈ توڑ چکی ہے ۔ ملک کو جس معاشی کھائی میں دھکیل دیاگیا ہے ، جلد کچھ نہ کیا گیا تو واپسی بھی مسئلہ بن جائے گی۔ شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ یکم دسمبر سے مزید قیامت خیز مہنگائی آنے والی ہے ، ڈالر کی پرواز مہنگائی کی جلتی آگ پر تیل کا کام کر رہی ہے ۔ معاشی تباہی جوہری پاکستان اور اس کی سلامتی کے مفادات کے لئے زہرقاتل ہے اس لئے خدارا آنکھیں کھولی جائیں کیونکہ ایسا نہ کیا گیا تو معاشی تباہی سے ایسا طوفان اٹھے گا کہ جس میں ہم فیٹف اور دیگر درپیش مسائل بھول جائیں گے ۔ پاکستان کی محب وطن قوتیں معاشی وعوامی تباہی پر حب الوطنی کے جذبے سے سوچ وبچار کریں، وقت تیزی سے گزر رہا ہے ۔ لاہور،اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،خصوصی رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا شکر ہے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوئی، پاکستان میں اس کے اثرات 2 ماہ بعد آئیں گے ، ہم سعودی عرب کے شکر گزار ہیں کہ اس نے پاکستان کی مدد کی ہے اور تین ارب ڈالر دئیے ہیں، آئی ایم ایف کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے ، اس کے اوپر کام شروع ہو چکا ہے ،ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا،اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ،مہنگائی میں مجموعی طور پر 0.67 فیصد کمی ہوئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا عدلیہ کے خلا ف سازشیں بے نقاب ہوگئیں، جعلی آڈیو، ویڈیو بنانا نواز لیگ کا وتیرہ بن چکا ہے ، نواز شریف اور مریم نواز کا مقصد عدلیہ کو دباؤ میں لانا ہے ،ان کے خلاف مقدمات آخری مراحل میں ہوتے ہیں تو انہیں سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ،رانا شمیم ن لیگ کے عہدے دار تھے ، انہیں گلگت بلتستان کا چیف جسٹس لگایا گیا اور ان سے مرضی کے بیان حلفی لئے گئے ، فوج اور عدلیہ کے خلاف منظم مہم چلائی گئی، اس مقصد کے لئے کچھ صحافیوں، اینکرز اور پرائیویٹ ٹویٹس کو استعمال کیا گیا،( ن) لیگ اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے نواز شریف کے خلاف مقدمات سے جان چھڑانا چاہتی ہے ،عدلیہ کو ن لیگ اور مریم نواز کے خلاف نوٹس لینا چاہیے ،مریم صفدر او رکیپٹن (ر) صفدر کو باقی کام چھوڑ کر ویڈیوز کا کام ہی شروع کر دینا چاہیے ،ان کے اوپر بد عنوانی کے جرائم تو ہیں ان کے اوپر شہادتوں کے ساتھ ٹمپرنگ کر کے کھلواڑ کرنے کا کیس بھی بننا چاہیے اور انہیں اس کی علیحدہ سے سزا ہونی چاہیے ،1990 کے انتخابات کو مسلم لیگ ن نے چرایا، جس پر سپریم کورٹ نے بھی مہر ثبت کی۔مولانا ظفر علی خان کی برسی پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فواد نے کہا جھوٹی خبریں پھیلانے کی وجہ سے فیک نیوز کا بحران جنم لے چکا ہے ، پہلے خبر پھیلانے کے ذرائع نہیں تھے ۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے جھوٹی خبر کو پھیلانا آسان ہو گیا ہے ،جب یہ کہا جاتا ہے کہ صحافت کی آزادی ہونی چاہیے تو اس کے ساتھ یہ ہرگز نہیں مانا جا سکتا کہ جھوٹ پھیلانے کی بھی آزادی ہونی چاہیے ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا دیانتدار وزیراعظم اور کامیاب پالیسیوں کی بدولت پاکستا ن ترقی کر رہا ہے ۔ عمران خان ڈرا ہے نہ جھکا ہے ، اپوزیشن کے پاس کوئی ویژن نہیں ، یہ جتنی مرضی ساز شیں کرلیں انہیں این آر او نہیں دیں گے ، بہت جلد اسلام آباد میں پانی کامسئلہ بھی حل ہو جائے گا، 100 نئے ٹیوب ویل لگ رہے ہیں جبکہ اسلام آباد کے لئے 100 ایم جی ڈی پانی کا منصوبہ 6 ماہ میں شروع ہو جائے گا،وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ہیلے کالج آف کامرس میں دوسری سالانہ بزنس اینڈ کامرس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا ن لیگ جعلی ویڈیو اور آڈیو کی ماسٹر ہے ۔ مریم صفدر اپنی آڈیو پر قوم سے معافی مانگیں ،سب نے دیکھ لیا کہ فاشسٹ حکمران (ن) لیگ اپنے دور میں کس طرح میڈیا کا گلا گھونٹتی تھی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا نااہل لیگ پروپیگنڈا لیگ بن چکی ہے ،جس میں بڑے جھوٹے اور ڈرامہ باز نااہل جمع ہیں۔ خاندانی غلام درباریوں کو حاضری کیلئے روز جھوٹ کا پرچار کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے بھارتی ایجنٹوں سے مری میں خفیہ ملاقاتیں کرکے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں