عوام اور مسلح افواج کے رشتے کو کمزور کرنیوالوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی،پاک فوج دنیا کی مضبوط فوج،دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا:اندرونی و بیرونی گٹھ جوڑ بے نقاب:آرمی چیف

عوام  اور  مسلح  افواج  کے  رشتے  کو  کمزور  کرنیوالوں  کی  کوششیں  کامیاب  نہیں  ہونگی،پاک  فوج  دنیا  کی  مضبوط  فوج،دباؤ  میں  نہیں  لایا  جاسکتا:اندرونی و بیرونی   گٹھ  جوڑ بے  نقاب:آرمی  چیف

راولپنڈی،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے اندرونی اور بیرونی قوتوں کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا،پاک فوج دنیا کی مضبوط فوج ہے ، دباؤ میں نہیں لا یا جاسکتا ،عوام اور مسلح افواج کے رشتے کو کمزور کرنیوالوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی۔

آرمی چیف نے گزشتہ روز کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے افسروں سے خطاب کیا ۔ آئی ایس  پی آر کے مطابق خطاب کے دوران آرمی چیف نے روایتی ، نیم روایتی اور ففتھ جنریشن وارفیئر کیلئے آپریشنل تیاریوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے مابین دراڑیں پیدا کرنے اور اٹوٹ بندھن کو کمزور کرنے کی بیکار کوششیں کرنیوالے انشااللہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ، مسلح افواج بہادر اور باوقار عوام کی ہمیشہ مقروض رہیں گی جنہوں نے حال ہی میں ملک بھر میں مظاہرے کرکے مسلح افواج کیساتھ اپنی منفرد محبت کا اظہار اور دشمن اور ان کے معاونین کے مذموم عزائم کا بھرپور جواب دیا ہے ۔ آرمی چیف نے کہا ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے سازشی عناصر اور بیرونی قوتوں کے مابین گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہاپاک فوج جو دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے ، اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوام کے بے خوف تعاون سے اسے نہ ڈرایا اور نہ ہی دباؤ میں لایا جا سکتا ہے ،الحمدللہ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ گیریژن میں فوجیوں کیلئے مختلف فلاحی سکیموں کا بھی دورہ کیا۔ قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر سدرن کمانڈ نے ان کا استقبال کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں