پرویزالہٰی رہائی کے بعد دوسرے کیس میں گرفتار،عثمان بزدار بھی تحریک انصاف چھوڑ گئے

پرویزالہٰی  رہائی  کے  بعد  دوسرے  کیس  میں  گرفتار،عثمان  بزدار  بھی  تحریک انصاف  چھوڑ  گئے

لاہور (کورٹ رپورٹر، نیوز ایجنسیاں )لاہور کی ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے گجرات میں سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکوں میں کرپشن کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا ۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں کرپشن کے شواہد نہیں ملے ،پرویز الٰہی پر اگر کوئی اور مقدمہ نہیں تو انہیں فوری رہا کیا جائے ۔جیسے ہی عدالت نے پرویز الٰہی کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا تو اس کے فوری بعد اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے حکام نے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا اور ان کو گوجرانوالہ منتقل کر دیا ۔گجرات میں سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکوں میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مقدمے میں اینٹی کرپشن کے حکام نے پرویز الٰہی کو جسمانی ریمانڈ کے لیے ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کے روبرو پیش کیا دوران سماعت اینٹی کرپشن کے وکیل نے پرویز الٰہی کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور بتایا کہ سرکاری خزانے سے بوگس ادائیگیاں کیں۔ پرویز الٰہی سے دستاویزات اور کمیشن کی رقم نکالنا درکار ہے اسی بنیاد پر پرویز الٰہی کو جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کیا جائے ۔پرویز الٰہی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیاگیا۔ دوران سماعت پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام کام قانون کے مطابق ہوا ہے اس مقدمے سے کوئی لینا دینا نہیں ۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الٰہی کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا ۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے 5 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔فیصلے میں کہا گیاکہ ٹھوس شواہد کے بغیر ملزم پر زبانی الزام لگائے گئے ، پراسیکیوشن ایک طرف کہہ رہی ہے بوگس انٹری کر کے رقم نکالی گئی جبکہ محکمے سے کسی کو گرفتار بھی نہیں کیا گیا،اینٹی کرپشن کی جانب سے کوئی بھی ثبوت یا ٹھوس شواہد عدالت میں پیش نہ کرنے پر پرویز الٰہی کو مقدمے سے بری کیا جاتا ہے ۔ایف آئی آر کے مطابق پرویز الٰہی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایکسیئن کے ساتھ مل کر جعلسازی کی۔ فیصلے میں کہا گیاکہ پرویز الٰہی پر الزام ہے کہ گجرات میں سڑکوں کی مرمت کا کام اور نئی بنانے کے کام میں پرویز الٰہی نے رشوت لی،پرویز الٰہی پرالزام ہے کہ انہوں نے بوگس ادائیگیاں کیں جبکہ موقع پر کوئی بھی کام نہیں کیا گیا، اگر کوئی کام کیا بھی گیا تو ناکارہ مٹیریل استعمال کر کے کروایا گیا، پرویز الٰہی پر الزام ہے کہ پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور سرکاری افسران کی بوگس ادائیگیوں کی وجہ سے خزانے کو نقصان پہنچا،حیران کن بات یہ ہے کہ لا افسر نے بتایا ہے کہ اس سارے معاملے کی چھان بین وہ ایڈیشنل ڈائریکٹر کر رہا جو اینٹی کرپشن میں ابھی آیا ہے ، پراسیکیوشن نے اس سارے معاملے پر کسی بھی شخص کا بیان ریکارڈ کرنا مناسب نہیں سمجھا،کچھ پراجیکٹ ابھی تک زیر تعمیر ہیں اور انہیں مکمل نہیں کیا گیا، تفتیشی نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی نہیں بتایا کہ پرفارمنس کی گارنٹی ابھی بھی ہے کہ نہیں، تاہم سرکاری خزانے سے رقم نکالنے کے لیے ایک مکمل پراسس ہے جسکو فالو کیا جانا چاہیے ۔ فیصلے میں کہا گیاکہ تفتیشی نے عدالت کو اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ اس کیس میں جو ایکسیئن نامزد ہے وہ ملک چھوڑ کر بھاگ گیا ہے ، بجائے اسکے کہ کنٹریکٹر کو گرفتار کیا جائے ، پراسیکیوشن ایکسیئن کو گرفتار کر رہی ہے جس نے صرف فنڈ جاری کئے ، ڈیپارٹمنٹ کے خلاف کوئی بھی ایکشن نہیں لیا گیا ۔اینٹی کرپشن کے حکام نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

ادھر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے پرویز الٰہی کو پہلے سے درج شدہ مقدمات میں گرفتار کر کے لاہور سے گوجرانوالہ اینٹی کرپشن دفتر منتقل کر دیا ۔پرویز الٰہی کو آج اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اینٹی کرپشن کے حکام کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی پر گوجرانوالہ اینٹی کرپشن میں دو مقدمات درج ہیں دونوں مقدمات میں پرویز الٰہی پر کک بیکس لینے کے الزامات ہیں ،مقدمہ نمبر 6 میں پرویز الٰہی پر 50 لاکھ روپے رشوت لے کر 6 کلو میٹر لمبی سڑک کا کنٹرکٹ دینے کا الزام ہے جس میں انہیں دوبارہ گرفتار کر کے گوجرانوالہ اینٹی کرپشن کے ریجنل آفس منتقل کیا گیا ہے جبکہ گوجرانوالہ میں ایک اور بھی مقدمہ پرویز الٰہی کے خلاف درج ہے جس میں 29 کلو میٹر لمبی سڑک کا ٹھیکہ 2 ارب روپے رشوت لے کر جاری کرنے کے الزامات ہیں ، دونوں مقدمات میں فرنٹ مین سہیل اصغر کے ذریعے رشوت لینے کے الزامات کا ذکر کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف پرویز الٰہی نے خود کو بے گناہ قرار دے دیا۔لاہور میں عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ میں بے گناہ ہوں اور پاک فوج کا حامی ہوں، میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے لئے پیغام ہے وہ تگڑے رہیں، گھبرانا نہیں ہے ۔پی ٹی آئی کے صدر کا کہنا تھا کہ اس سارے فساد کی جڑ محسن نقوی ہے ، میں نے کسی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا تھا، مجھ پر یہ ظلم محسن نقوی کرا رہا ہے ، یہ برا کر رہے ہیں اوربرا ہی بھگتیں گے ۔

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی سیاست سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، میں نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے جن تنصیبات کو آگ لگائی گئی وہ ملکی ادارے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ، تمام سٹیک ہولڈرز سے گزارش ہے کہ ملک کے بہتر مستقبل کا سوچیں۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 3 سال صوبہ پنجاب کے عوام کی خدمت کی ہے ، 14ماہ سے کیسز کا سامنا کر رہا ہوں۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا گزار ش ہے کہ بے گناہ لوگوں کے ساتھ نرمی برتی جائے ۔تحریک انصاف کے سابق ایم این اے شیخ یعقوب اور سابق صوبائی وزیر پیرغلام محی الدین چشتی نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا۔اپنے ویڈیو پیغام میں سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ یعقوب نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے ۔شیخ یعقوب این اے 39 ڈیرہ اسماعیل خان ٹو سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے الیکشن جیت کر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے ۔دوسری جانب سابق صوبائی وزیر پیرغلام محی الدین چشتی نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا۔اپنے ایک بیان میں پیر غلام محی الدین نے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، ہمارا جینا مرنا پاک فوج کے ساتھ ہے ۔

تحریک انصاف کے رہنما معروف سیاسی شخصیت سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ہارون آباد میاں عبدالواحد نے تحریک انصاف کو چھوڑ دیا ہے ،انہوں نے 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور کور کمانڈر ہاؤس لاہور میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہا اس سانحہ کو کسی بھی طرح برداشت نہیں کیا جاسکتا اور اس قسم کی سیاست کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ہماری سیاست ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے ہے اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ دوبارہ کسی کو اس قسم کی مذموم کوشش کرنے کا خیال بھی نہ آ سکے ۔ حلقہ کے عوام کے جذبات کو دیکھتے ہوئے تحریک انصاف سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کردیا ہے ۔شاہ محمود قریشی کے دست راست وسابق ایم پی اے صوبائی حلقہ 218 ملک واصف مظہر راں نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ۔ملک واصف راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ازلی دشمن وہ کام نہیں کرسکا جو نو مئی کو شرپسندوں نے کیا ۔ پاک افواج اور اداروں پر حملوں وتنقید کی پرزور مذمت کرتا ہوں ۔ سیاست میں انتشار ،جلاؤ گھیراؤ اور مارکٹائی کو شامل کر دیا گیا ۔ سینٹرل جیل سے رہائی کے بعد تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر میاں خیال احمد کاسترو پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔میاں خیال احمد کاسترو نے پی ٹی آئی کو چھوڑنے والے سابق ایم این اے سے ملاقات کے دوران یقین دہانی کرائی تھی اور انہوں نے رہائی کے فوری بعد پریس کانفرنس کرکے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرنا تھا ان کی رہائی کے پیش نظر جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی مگر میاں خیال احمد کاسترو پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکے اور موقع سے فرار ہو گئے اس طرح پی ٹی آئی کے ایک رہنما کی پریس کانفرنس کا پلان ادھورا رہ گیا۔تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کی گرفتاری کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے پی، پنجاب اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب ہیں، ان کی گرفتاری کے لیے خیبرپختونخوا پولیس کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے ۔پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ مراد سعید کی پنجاب اور اسلام آباد میں موجودگی کی اطلاع نہیں، ان کی سوات اور بٹ خیلہ میں موجودگی کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب چارسدہ میں پولیس نے سابق صوبائی وزیرعارف احمدزئی کے گھر پرچھاپہ مار البتہ سابق صوبائی وزیر گھر پر موجود نہیں تھے ، تاہم تلاشی کے بعد پولیس اہلکار واپس چلے گئے ۔ فیصل آباد کی ضلعی پولیس نے 9مئی کو حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کے الزام میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے سابق صدر شہزاد بشیر چیمہ ایڈووکیٹ کو گرفتار کر لیا جبکہ حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ تحت کارروائی کرنے کی منظوری دیدی گئی شہزاد بشیر کو گرفتار کر کے تھانہ سول لائن کی حوالات میں بند کردیا گیا اور حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کے تمام ملزموں کے خلاف آرمی ایکٹ تحت کارروائی کرنے کی منظوری دیدی گئی ۔ پی ٹی آئی جھنگ کے مقامی رہنما اور اُمیدوار برائے قومی اسمبلی سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم پر پاک فوج کیخلاف عوام کو اکسانے پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ۔شیخ وقاص اکر م کا کہنا تھا کہ جو شخص اپنی اولاد کو آرمی آفیسر بنانا چاہتا ہو وہ کیوں ایسی بات کر سکتا ہے سوشل میڈیا پر جاری پیغام کو توڑ مروڑ کرپیش کیا گیا ہے ۔جھو ٹی ایف آئی آر دی گئی ۔پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات کی پر زور مذمت کرتا ہوں ، شہدا کی یاد گاروں کی بے حرمتی کی گئی ، مضبوط فوج آئینی جمہوریت کا لازمی حصہ ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی خدمات قابل تحسین ہیں، 9 مئی کے واقعہ کا شفاف ٹرائل اورتحقیقات ہونی چاہئیں۔صوبائی ٹکٹ ہولڈر دیوان اخلاق احمد نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ اور سیاسی شخصیت سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف اوکاڑہ حلقہ پی پی 190 کے صوبائی ٹکٹ ہولڈر دیوان اخلاق احمد نے 9مئی کے شرمناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ٹکٹ اور سیاسی شخصیت سے راہیں جدا کرلی ہیں۔ انہوں نے اپنے ویڈیوبیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے پاک فوج کی املاک اور تنصیبات پر حملہ کی شدید مذمت کرتا ہوں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں