یہ بات خلاف حقیقت کہ سپریم کورٹ میں قصدا ً الگ گروپ بنایا:جسٹس فائز،چیف جسٹس کیساتھ پودا لگایا

یہ  بات  خلاف  حقیقت  کہ  سپریم  کورٹ  میں  قصدا ً الگ گروپ  بنایا:جسٹس فائز،چیف  جسٹس  کیساتھ  پودا  لگایا

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مل کر شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا یہ بات خلافِ حقیقت ہے کہ میں نے سپریم کورٹ میں قصداً الگ گروپ بنایا۔

 چیف جسٹس سے مصافحہ نہ کرنیکا تاثر غلط ہے ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر چیف جسٹس پاکستان کو نظر انداز کرنے بارے میڈیا میں چلنے والوں خبروں کی تردید کرتے ہوئے اپنی وضاحت میں کہا کہ حلف برداری کے موقع پر چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس اقبال حمید الرحمن اور ان کی اہلیہ کو مبارکباد دینے ان کے پاس گیا جہاں میری سب سے پہلے چیف جسٹس عمر عطابندیال سے ملاقات ہوئی،اس کے بعد جب میں سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس سید محمد انوار کے پاس کھڑا تھا کہ چیف جسٹس بھی وہاں ان سے ملنے کیلئے پہنچے ،عین اسی لمحے جسٹس اقبال حمید الرحمن کی اہلیہ نے میرا اپنے بعض رشتہ داروں سے تعارف کروانا چاہا جس کے سبب میں ان کی طرف متوجہ ہو گیا، یہ لمحہ کسی نے ریکارڈ کر لیا،جس سے یہ تاثر گیا کہ میں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مصافحہ نہیں کیا، حالانکہ قبل ازیں میں ان سے مل چکا تھا،اس بات میں بھی کوئی حقیقت نہیں کہ میں نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں قصداً ایک الگ گروپ بنا رکھا ہے ،میں بطور جج آئین کے تحفظ او ردفاع کیلئے اپنے منصب کے حلف کا پابند ہوں ،اس کے خلاف کسی چیز کی تائید نہیں کر سکتا،خلاف حقائق ایک متنازعہ بیانیہ گھڑنا ادارے کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے ، ہمیں مل کر ایسے مضبوط عدالتی نظام کی تعمیر کرنا ہے جس کی ساری توجہ فوری انصاف کی فراہمی پر ہو۔دریں اثنا چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال اور سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی جانب سے سپریم کورٹ میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا،چیف جسٹس اور سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ملکر سپریم کورٹ کے باغ میں پھولوں کے پودے لگائے اور ادارے و ملک وقوم کی خوشحالی کیلئے دعا ئیں کیں،اس موقع پر جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ بھی موجود تھے ،چیف جسٹس نے پودا لگانے کے بعد دعا میں کہا کہ اللہ تعالی ٰہمارے اور ادارے کیلئے بہتر کرے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں